پولیس کی زبردست کامیابی، گلگت میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام (ڈیلی کے ٹو)
(گلگت) گلگت پولیس نے بر وقت کارروائی کر کے شہر میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنادیا. نواحی گاؤں بارگو پائین میں دو گھروں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد ملزمان فرار ہوگئے. پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ۔انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان کیپٹن رٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے سنٹرل پولیس آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر گلگت پولیس کی خصوصی ٹیم نے منگل کے روز گلگت سے 22 کلو میٹر کی مسافت پر واقع بارگو پائین میں دوران چھاپہ مار کارروائی ایک گھر سے کثیر تعدا د میں اسلحہ برآمدکیا۔انہوں نے بتایا کہ سارگن موبائل ٹیم نے انچارج ASIمحمد مصطفیٰ کی سربراہی میں مخبر کے اطلاع پر بارگو پائین کے مختلف گھروں میں چھاپہ مارکارروائی کی جس دوران شاہ زیب ولد یونس کے گھر سے بڑی مقدار میں اسلحہ و دیگر ممنوعہ اشیاء برآمدہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ شاہ زیب نامی ملزم کے گھر سے رائفل 3.3 دو عدد،رائفل 12بور دو عدد،رائفل 7MM ،ریپیٹر 12بورایک عدد,ڈینو ٹیٹر 5عدد,گرنیڈ HE-36 پانچ عدد،تیس بور پستول ایک عدد ،8ایم ایم پستول ایک عدد،میگزین 30بورپستول7 عدد،وائرلیس سیٹ ایک عدد،ڈیٹا کیبل 20نمبر،ایس ایم جی راؤنڈز 240عدد،باہ بور راؤنڈز عدد،تیس بور پسٹل راؤنڈز 30عدد،سات ایم ایم رائفل راؤنڈز 45عدد، 38بور پسٹول راؤنڈز 5 عدد ،17 بور رائفل راؤنڈز 14عدد شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت پولیس کی سارگن ٹیم نے جن گھروں سے مذکورہ اسلحہ برآمد کیا اُن میں شاہ زیب ولد یونس ساکن بارگو پائین سے پانچ عدد گرنیٹ ، پانچ ڈینو ٹیٹر،دو عدد رائفلیں اور ایک عدد واکی ٹاکی سیٹ برآمد کیاہے جبکہ دیگر اسلحہ ابراہیم ولد حکیم ساکن بارگو پائین کے گھر سے برآمد ہوا ہے گھروں میں چھاپوں کے دوران ایڈیشنل ایس پی گلگت علی رضا نے ٹیم کی خود نگرانی کی۔ٹیم کے کامیاب چھاپے اور بڑی مقدار میں اسلحے کی برآمدگی پر آئی جی گلگت بلتستان کیپٹن (ریٹائرڈ) ظفر اقبال اعوان نے ٹیم کی کار گردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور ٹیم کے انچارج اے ایس آئی محمد مصطفی کو اگلے گریڈ میں ترقی دی ۔ آئی جی پولیس نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لئے غیر قانونی طور پر رہائش پزیر غیر ملکیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ بر آمد کرنے کے بعد پولیس نے ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ چھاپے کا سن کر ملزم شاہ زیب اور ابراہیم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا لیکن پولیس اسے جلد گرفتار کرے گی ۔ ظفراقبال اعوان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کڑی نظررکھیں اور مشکوک افراد دیکھنے پر پولیس کو اطلاع دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے اپنی تمام تر توجہ گلگت بلتستان پر مرکوز کر رکھی ہے اور اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے اس طرح کی سرگرمیوں کا خطرہ ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس کیس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے اور چونکہ جن دو افراد کے گھروں سے اسلحہ برآمد ہوا ہے ان کی شناخت ہو چکی ہے جلد انہیں گرفتار کر لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر اگلے تین روز میں گلگت بلتستان سے افغان باشندوں کو بے دخل کیا جائے گا ایک بھی افغانی گلگت بلتستان مین نظر نہیں آئے گا ۔ ظفراقبال اعوان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگ خود بھی اپنے اردگرد کے ماحول میں نظر رکھیں اور کوئی بھی مشکوک شخص نظر آئے تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاہم پولیس شرپسندوں اور دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری رکھے گی ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ جن گھروں سے اسلحہ برآمد ہوا ہے اس کا مالک کوئی اسلحہ ڈیلر نہیں لگتاہے بظاہر ایسا ہی لگتا ہے کہ یہ اسلحہ کسی دہشت گردکارروائی کے لئے ہی لایا گیا تھا انہوں نے کہا کہ ابھی تک اس بات کا بھی علم نہیں کہ یہ افراد کیا کاروبار کرتے تھے ۔ ادھر پولیس ذرائع کے مطابق دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاہے تاہم ان کے نام صیغہ راز میں رکھے گئے ہیں ۔
No comments:
Post a Comment