Header Ads

دیامر میں اشتہاریوں کیخلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ، شاہراہ قراقرم پر سیکورٹی سخت کرنے کا حکم

چلاس(عمرفاروق فاروقی : ڈیلی کے ٹو) نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں گلگت بلتستان ایپکس کمیٹی کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کرنے کیلئے ڈی آئی جی دیامر ڈویژن عنایت اللہ فاروقی کی زیر صدارت چلاس میں اعلی سطح کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں دیامر اور استور کے ایس ڈی پی اوزاور ایس ایچ اوز نے شرکت کیا۔اجلاس میں دیامر اور استور کے اندر سیکورٹی کو سخت کرنے ،گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کو مکمل تحفظ دینے اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی دیامر ریجن عنایت اللہ فاروقی نے دیامر اور استور کے تمام ایس ڈی پی اوز اورایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقے میں قانون شکن عناصرپرکڑی نظر رکھیں اور جرائم پیشہ عناصرکا گھیرا تنگ کر یں ۔انہوں نے کہا کہ فیری میڈو ،نانگا پربت ،شاہراہ قراقرم اور بابوسر روڈپر سیکورٹی کے سخت اقدامات کیئے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ تھلیچی سے تھور تک پٹرولنگ کرنے کیلئے مزید 6نئی گاڑیاں فراہم کریں گے،اور سیکورٹی کے نظام کو مزید موثر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں اشتہاریوں کی لسٹ بناکر متعلقہ تھانوں اور چوراہوں پر اشتہاریوںکے تصاویر کے ساتھ پینا فلکیس آویزاں کیا جائیگا ،انہوں نے کہا کہ دیامر میں 30 ایسے اشتہاری رپوش ہیں،جن کی سر کی قیمتیں مقرر کی جاچکی ہیں ،دیامر پولیس دیامر کو اشتہاریوں اور جرائم پیشہ عناصر سے صاف کرنے کیلئے چھاپوں میں تیزی لائے۔انہوں نے کہا کہ دیامر پولیس اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں اور اپنے کام سے کام رکھیں اور شہریوں کے حقوق اور جان و مال کی حفاظت کریں ۔انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی پر غفلت برتنے والے پولیس کو نہیں بخشیں گے اور ڈیوٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،دیامر پولیس شہر میں منشیات فروشوں کا گھیرا تنگ کریں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاون کریں ،اور قانون پر عملدرآمد کرائیں اور سکولوں کی سیکورٹی سخت اور موثر بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں ڈیوٹی سے غافل خواتین پولیس اہلکاروں کو جلد نوکری سے فارغ کر دیں گے۔

No comments:

Copyright: www.meragilgit.blogspot.com. Powered by Blogger.